اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پا کستان نے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارتی حکام کو اس فیصلے سے تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سیکیورٹی خدشات اور ویزا معاملات میں ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا۔ پی ایچ ایف حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا فراہمی کے حوالے سے یقین دہانی نہ ملنے پر ٹیم کو بھارت بھیجنا ممکن نہیں تھا۔
ترجمان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق کھلاڑیوں کی تیاری مکمل تھی اور ٹیم بھرپور جذبے کے ساتھ ایونٹ میں شرکت کے لیے پرعزم تھی، تاہم نامساعد حالات کے باعث ٹیم کو شرکت سے روکنا پڑا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے عالمی ہاکی فیڈریشن کو بھی اس فیصلے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے ٹورنامنٹس کے لیے تمام ٹیموں کو برابر مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ بھارت میں اگلے ماہ شیڈول ہے، جس میں دُنیا بھر سے کئی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان کے نہ کھیلنے کے فیصلے نے ایونٹ کی فضا پر گہرا اثر ڈالا ہے اور شائقینِ ہاکی نے اس پیش رفت پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
مزید پڑھیں :ایس پی عدیل اکبر کی نمازہ جنازہ ادا،جسد خاکی آبائی گائوں روانہ















