اہم خبریں

حج 2025 کے حجاج کرام کو ساڑھے تین ارب روپے واپس

اسلام آباد (  اے بی این نیوز     )وفاقی وزیرِ مذہبی امور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ گزشتہ سال حج 2025 میں ہونے والی بچت کی رقم حجاج کرام کو واپس کی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں ساڑھے تین ارب روپے کی ادائیگی 31 اکتوبر تک مکمل کر لی جائے گی۔ رقم کی واپسی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے متعلقہ بینک برانچز سے کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حج انتظامات میں کفایت شعاری، شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا گیا جس کے نتیجے میں مختلف کیٹیگریز کے حجاج کو بچت کی رقم واپس کی جا رہی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 25 فیصد یعنی 21 ہزار 895 حجاج کرام کو کوئی رقم واپس نہیں ہوگی، 14 فیصد (12 ہزار 286) حجاج کو 12 ہزار روپے فی کس، 16 فیصد (13 ہزار 939) کو 25 ہزار روپے فی کس، 10 فیصد (8 ہزار 496) کو 48 ہزار روپے فی کس، 23 فیصد (20 ہزار 302) کو 75 ہزار روپے فی کس، 12 فیصد (10 ہزار 945) کو 90 ہزار روپے فی کس جبکہ 408 حجاج کرام کو 1 لاکھ 10 ہزار روپے فی کس کی واپسی کی جا رہی ہے۔
وزیرِ مذہبی امور نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت کا مقصد عازمینِ حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔ وزارتِ مذہبی امور نے حج انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے سعودی حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا۔انہوں نے کہا کہ حج 2025 میں پہلی مرتبہ منیٰ کے خیموں میں ایئرکنڈیشن، فولڈنگ میٹرس اور چِپسم وال کی سہولت فراہم کی گئی تھی، جو آئندہ سال بھی برقرار رہے گی۔ عازمینِ حج کی رہنمائی کے لیے متعارف کرائی گئی “حج ناظم اسکیم” کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، جس کے تحت ہر 150 عازمین کے ہمراہ ایک ناظم تعینات کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ حج 2026 کے لیے 30 ہزار زائد کوٹہ رکھا گیا ہے، اور درخواستوں کی وصولی مکمل ہو چکی ہے۔ دوسری قسط جمع کرانے کی تاریخ 3 نومبر سے 15 نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ تمام تفصیلات “پاک حج” موبائل ایپ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ لانگ حج پیکیج (40 دن) کی لاگت 11 لاکھ 50 ہزار روپے اور شارٹ پیکیج (25 دن) کی لاگت 12 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ عازمین کو دوسری قسط ساڑھے چھ لاکھ روپے جمع کرانا ہوگی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہر حاجی کو ٹرالی بیگ، ہینڈ کیری بیگ، خواتین کو سکارف اور سعودی سم فراہم کی جائے گی، جس پر 300 سے 600 منٹ تک کالز اور انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا وژن حج کو زیادہ سہل، شفاف اور سہولتوں سے بھرپور بنانا ہے تاکہ اللہ کے مہمانوں کو ایک باوقار، آسان اور بابرکت حج نصیب ہو۔

مزید پڑھیں :ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ ، بابر اعظم شامل،جا نئے دیگر کھلاڑیوں کے نام

متعلقہ خبریں