اسلام آباد (رضوان عباسی سے)آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو سخت ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ مالی سال 2024-25 کے اختتام پر اپنے مالیاتی حسابات فوری طور پر جمع کرائیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، جماعتوں کو 60 دن کے اندر مالی تفصیلات فارم 40 اور فارم 41 کے ذریعے جمع کرانا لازم ہو گا۔کمیشن کے اعلامیے کے مطابق، صرف وہی مالیاتی رپورٹس قبول کی جائیں گی جو چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے آڈٹ شدہ اور مجاز آڈیٹ آفیسر کی جانب سے تصدیق شدہ ہوں۔
سیاسی جماعتوں کو واضح ہدایت کی گئی ہے کہ فارم میں کسی بھی قسم کی اوور رائٹنگ (کٹی پھٹی تحریر) قابل قبول نہیں ہو گی، اور بینک اسٹیٹمنٹ کی نقل بھی منسلک کرنا لازمی ہو گا۔
الیکشن کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ مالی تفصیلات صرف ذاتی طور پر الیکشن کمیشن کے دفتر میں جمع کرائی جائیں گی۔ ڈاک، فیکس یا کوریئر کے ذریعے بھیجی گئی تفصیلات کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، الیکشن کمیشن کی جانب سے اس اقدام کا مقصد سیاسی جماعتوں میں مالی شفافیت اور احتساب کو فروغ دینا ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ جماعتوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔الیکشن کمیشن کے دفاتر سے فارم 40 اور فارم 41 مفت دستیاب ہیں، جنہیں پُر کر کے وقت مقررہ پر جمع کرانا تمام جماعتوں کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کا سیاسی منظرنامہ گرم، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے حکومتی تبدیلی کے لیے پاور شو کی تیاریاں تیز کر دیں