اہم خبریں

قومی ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا،نام سامنے آگیا

اسلام آباد( اے بی این نیوز     ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو قومی ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ شاہین آفریدی جنوبی افریقہ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ یہ سیریز چار سے آٹھ نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

پی سی بی کے ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے قبل اسلام آباد میں سلیکشن اور ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عاقب جاوید، اسد شفیق، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، اظہر علی، علیم ڈار، مصباح الحق اور سابق کپتان سرفراز احمد نے شرکت کی۔ اجلاس مائیک ہیسن کی سفارش پر بلایا گیا تھا تاکہ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے کپتان کا حتمی انتخاب کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی اور سلمان علی آغا دونوں کپتانی کے مضبوط امیدوار تھے، تاہم کمیٹی نے متفقہ طور پر شاہین آفریدی کے حق میں فیصلہ دیا، جسے بعد میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے باضابطہ منظوری دی۔

خیال رہے کہ اس وقت تک محمد رضوان قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان تھے۔ انہیں گزشتہ سال یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی اور وہ پاکستان کے 31ویں ون ڈے کپتان بنے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 22 سال بعد آسٹریلیا کو ایک روزہ سیریز میں شکست دی۔ اسی طرح رضوان کی کپتانی میں قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف بھی کامیابیاں حاصل کیں، تاہم چیمپئنز ٹرافی، سہ ملکی سیریز اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

شاہین آفریدی کی بطور کپتان تقرری کو شائقین کرکٹ نے سراہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوان فاسٹ بولر کی قیادت میں قومی ٹیم میں نیا جوش اور جارحانہ حکمت عملی دیکھنے کو ملے گی، جو پاکستان کرکٹ کے لیے ایک نئے دور کی شروعات ثابت ہو سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں