راولپنڈی (اے بی این نیوز )راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ اس موقع پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق میچز کے دوران 310 افسران اور اہلکار ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔
ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستوں کے استعمال کی ہدایت دیتے ہوئے بتایا کہ مارگلہ روڈ سے کھنہ جانے والے شہری کلب روڈ یا لہتراڑ روڈ استعمال کریں تاکہ ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔ اسی طرح سیکٹرز جی نائن، جی ٹین، جی الیون اور ترنول جانے والے مسافر ایف ٹین روڈ اختیار کریں۔
راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو سری نگر ہائی وے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ آئی جے پی روڈ سے اسلام آباد کا سفر کرنے والے شہری سبزی منڈی روڈ کا رخ کریں۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور ٹریفک پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ دورانِ میچ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
مزید پڑھیں :غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ رک نہ سکا