لاہور(اے بی این نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں ہوں گی، پچ دیکھ کر فائنل الیون کا اعلان کریں گے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کوچ اظہر محمود نے کہا کہ یہ پچز ویسٹ انڈیز کے خلاف بنائی گئی پچز سے مختلف ہیں، اگر ہم ٹاس ہار بھی گئے تو کوشش ہوگی کہ پہلی اننگز میں 350 رنز سے زائد اسکور کریں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سیریز سے پہلے لگائے گئے کیمپ کا مقصد یہی تھا کہ ہمیں اسپن کو کھیلنا آنا چاہیے اور اس میں مختلف شارٹس کھیلنے آنے چاہئیں، ہم اس قسم کی پچز بنائیں گے تو ہمیں اسپن کھیلنا آنی چاہیے۔
بلے بازوں کی کارکردگی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں تمام 7 بلے بازوں میں سب نے رنز کیے، پہلی اننگز میں 4 اور دوسری اننگز میں 3 نے رنز کیے، سب نے اپنا کردار ادا کیا، بدقسمتی سے ہمارا لوئر آرڈر نہیں چل سکا، ہم ان سے بھی امید رکھتے ہیں کہ وہ رنز اسکور کریں گے کیونکہ لوئر آرڈرز کے رنز بھی معنی رکھتے ہیں ۔
جنوبی افریقہ کے آخری 4 کھلاڑیوں نے 90 رنز اسکور کیے تھے۔اظہر محمود نے ایک سوال پر کہا کہ پہلےٹیسٹ میں دو فاسٹ بالر کھلانے پر تنقید ہوئی، لاہور کی پچ پر بیٹرز کو بھی مدد ملی، ہوسکتا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں تھری ون کا کمبینیشن (تین اسپنرز، ایک فاسٹ باؤلر) کھلائیں۔انہوں نے کہاکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں ہوں گی، پچ دیکھ کر فائنل الیون کا اعلان کریں گے۔
مزید پڑھیں: پاک فضائیہ کے جے ایف17 مشقوں میں شرکت کیلئے آذربائیجان پہنچ گئے