اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ افغانستان کو ایسے ملک کے ہاتھوں استعمال نہیں ہونا چاہیے جو پہلے ہی پاکستان کے اندر دہشت گردوں کو مدد فراہم کر رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانوں کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھتے ہوئے ہمیشہ اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سرحدیں اپنے بھائیوں کے لیے کھول دیں، 40 لاکھ مہاجرین کو اپنی سرزمین پر آباد کیا، میں ذاتی طور پر اپنے وسائل کے مطابق 350 افغان خاندانوں کی دیکھ بھال کرتا ہوں۔
پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ یہ کہنا انتہائی افسوسناک ہے کہ گزشتہ دنوں افغانستان نے ان تمام احسانات کو بھلا کر سرحدوں پر کھلے عام حملے کیے جس کا ہماری افواج نے منہ توڑ جواب دیا۔
شاہد آفریدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان کو سوچنا چاہیے کہ پاکستان اس کا برادر اسلامی ملک ہے اس لیے اسے ایسے ملک کو استعمال نہیں کرنا چاہیے جو پہلے ہی پاکستان کے اندر دہشت گردوں کی حمایت کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں:چنگان پاکستان کی جانب سے Oshan X7پر 5 لاکھ روپے تک کی رعایت کا اعلان