اسلام آباد(اے بی این ن یوز)پاکستان کے مختلف صوبوں اور علاقوں میں ڈینگی بخار کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے پیش نظر سندھ، آزاد جموں و کشمیر اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں ڈینگی کے خلاف اسپرے مہمات اور آگاہی مہمات جاری ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت سندھ کے مطابق، اکتوبر کے مہینے میں اب تک 175 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 819 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی ڈویژن میں 85 کیسز، حیدرآباد میں 48، میرپورخاص میں 37 جبکہ سکھر میں 5 کیسز رپورٹ ہوئے، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں اور محلوں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں، کیونکہ یہ ڈینگی کے مچھر کی افزائش کا باعث بنتا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے ضلع میرپور میں ڈینگی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے انسدادِ ڈینگی اسپرے مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس مہم کے تحت محکمہ صحت کی ٹیموں نے مختلف سیکٹروں، رہائشی علاقوں اور کالونیوں میں فگنگ اور اسپرے کا عمل مکمل کیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں کے اندر اور باہر پانی جمع نہ ہونے دیں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔طبی ماہرین کے مطابق موسم کی تبدیلی، نمی اور بارشوں کے باعث ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کیسز کی تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، جیسے کہ مچھر دانی کا استعمال، لمبی آستینوں والے کپڑے پہننا، اور مچھر مار اسپرے کا باقاعدہ استعمال۔
محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی بخار، جسم میں درد یا خارش جیسی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔ بروقت تشخیص اور علاج سے ڈینگی کے خطرناک اثرات سے بچا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: مفت تعلیم دی جائے ،عدالت کا پرائیویٹ اسکولوں کو بڑا حکم