اہم خبریں

زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیح، سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، احسن اقبال

اسلام آباد ( اے بی این نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ معیشت کو مستحکم کیا جا سکے اور غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق ملکی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اسی لیے جدید ٹیکنالوجی، پانی کے بہتر استعمال اور کسانوں کو سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

احسن اقبال نے بتایا کہ ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد مزید بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور حکومت ان کے لیے مزید آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے ملک کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ ان کے مطابق ایک ہزار سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ نقصانات کا تخمینہ تقریباً 892 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ پنجاب میں دو لاکھ تیرہ ہزار سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا، جب کہ دو ہزار دو سو سے زیادہ تعلیمی ادارے متاثر ہوئے۔

احسن اقبال نے مزید بتایا کہ سیلاب کے نتیجے میں ایک ملین ٹن سے زائد چاول کی فصل تباہ ہوئی ہے، جس سے زراعت کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات پر بھی اثر پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ کسانوں اور متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں :آج کی ہڑتال کی کال کو عوام نے مسترد کر کے واضح کر دیا وہ استحکام، ترقی اور امن چاہتے ہیں، عطا تارڑ

متعلقہ خبریں