لاہور(اے بی این نیوز)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعت کے 40 سے زائد ممبران نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی ہدایت پر قائمہ کمیٹوں سے استعفے دے دیئے۔
قومی اخبار کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ 7 ممبران قائمہ کمیٹوں کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوگئے اور انہوں نے اپنے استعفے اسپیکر آفس میں جمع کروادیئےہیں۔
صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹوں میں بطور ممبر اپوزیشن کے 30 سے زائد ارکان نے بھی اپنے استعفے اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیے ہیں۔دوسری جانب، اپوزیشن کے تمام ارکان کے قائمہ کمیٹوں سے مستعفی ہونے کے بعد پارلیمانی بزنس متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ادھر، اپوزیشن کے استعفے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی مشاورت کے بعد اسمبلی سیکرٹریٹ منظور کرے گا۔خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے قومی، صوبائی اور سینیٹ میں بیٹھے اپنے تمام اراکینِ اسمبلی کو پارلیمانی کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی تھی۔
عمران خان کی ہدایت پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین جنید اکبر سمیت پی ٹی آئی کے 51 اراکینِ قومی اسمبلی نے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوایا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تاحال ان استعفوں پر کوئی کارروائی نہیں کی جب کہ حکومت کی جانب سے اسپیکر کو سنی اتحاد کونسل کے اراکین کے استعفے منظور نہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کے بعد سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے بھی پی ٹی آئی کے متعدد اراکین مستعفیٰ ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں: اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی،وزیر تعلیم نے وضاحت کردی