اسلام آباد(اے بی این نیوز)مسابقتی کمیشن (سی سی پی) نے گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن (جی ٹی اے) اور لوکل گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایل جی ٹی اے) سے منسلک ٹرانسپورٹرز پر فی کس 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔
قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی مسابقتی ایکٹ 2010 کے سیکشن 4 کی خلاف ورزی پر کی گئی، جو قیمتوں کے تعین یا مسابقت کی روک تھام سے متعلق کسی بھی معاہدے کو ممنوع قرار دیتا ہے۔
دونوں تنظیموں کو اجتماعی مشاورت اور سرکولرز کے ذریعے کرایہ جات (ریٹ) طے کرنے کا مرتکب پایا گیا، جس سے انفرادی ٹرانسپورٹرز کو اپنی مرضی سے نرخ مقرر کرنے کی آزادی محدود ہوگئی، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 30 دن کے اندر جرمانہ جمع کرائیں۔
چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو اور رکن بشریٰ ناز کی سربراہی میں بینچ نے یہ جرمانہ سی سی پی کے مالی جرمانوں کے نفاذ سے متعلق رہنما اصولوں کے مطابق عائد کیا۔
ان اصولوں کے مطابق جرمانہ خلاف ورزی کی سنگینی کی عکاسی کرتا ہے اور آئندہ ایسی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لئے ایک مؤثر اقدام کے طور پر کام کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا ، نئے وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب آج گورنر ہائوس میں ہوگی