مظفرآباد(اے بی این نیوز)آزاد جموں و کشمیر کی کابینہ کے رکن پیر مظہر سعید نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے۔
قومی اخبار میں شائع خبر کے مطابق چوہدری انوارالحق کی قیادت میں قائم مخلوط حکومت کے وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کو لکھے گئے اپنے تحریری استعفے کی کاپی بھی میڈیا کے سامنے پیش کی، ان کے ساتھ پی آئی ڈی کے ڈائریکٹرز امجد حسین منہاس اور مرزا بشیر بھی موجود تھے۔
پیر مظہر سعید نے اپنے دور وزارت کے دوران مکمل تعاون کرنے پر ریاست بھر کے صحافتی حلقوں کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ انہوں نے قومی ترجیحات اور عوامی مفاد کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بے شمار مشکلات کے باوجود میں نے اطلاعات کے محکمے کو فعال اور مؤثر بنانے کی کوشش کی، بنیان مرصوص کے مسئلے سے لے کر گزشتہ نومبر کی سول سوسائٹی الائنس کی مہم تک، ہم نے ہر محاذ پر اللہ کے فضل سے کامیابی حاصل کی۔
مزید پڑھیں: لیسکو کا تعمیراتی منصوبوں کیلئے 6 سے 8 گھنٹے بجلی کی بندش کا فیصلہ