اسلام آباد (رضوان عباسی ) آزاد جموں و کشمیر کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور عوامی احتجاج کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے ہنگامی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی اور مرکزی قیادت کا اہم اجلاس آج رات ایوانِ صدر اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس آج رات ساڑھے 10 بجے ہوگا جس میں موجودہ سیاسی حالات، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج، حکومت آزاد کشمیر کے ساتھ اتحاد، اور تنظیمی معاملات سمیت اہم امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔اجلاس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین کی قیادت میں آزاد کشمیر کی پارلیمانی ٹیم اور سینئر قائدین شریک ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کی اجلاس میں شرکت بھی متوقع ہے جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، اور دیگر مرکزی قائدین کی شمولیت بھی یقینی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر میں جاری عوامی احتجاج، حکومت کے ساتھ معاہدے اور اس کے ممکنہ سیاسی اثرات پر پارٹی قیادت کو بریفنگ دی جائے گی۔ اس موقع پر پارٹی کی آئندہ کی حکمت عملی، حکومت کے ساتھ اتحاد کے تسلسل یا ممکنہ فیصلے، اور تنظیمی ڈھانچے میں رد و بدل پر بھی غور کیا جائے گا۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ احتجاجی تحریک اور عوامی دباؤ کے باعث پیپلز پارٹی کے لیے فیصلے کی گھڑی آن پہنچی ہے، اور یہ اجلاس پارٹی کے مستقبل کے لائحہ عمل کے تعین میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مزید پڑھیں :پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمت،جا نئے