اسلام آباد( اے بی این نیوز ) حکومت آئندہ پندرہ روزہ جائزے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نرمی اور روپے کے استحکام نے حکومت کو وقتی ریلیف دینے کی گنجائش فراہم کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ 15 اکتوبر کو نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی، جو 16 اکتوبر 2025 کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں نافذ ہوں گی۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے، جس کے بعد نئی قیمت 262 روپے 58 پیسے فی لیٹر رہ سکتی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 97 پیسے کمی کی تجویز ہے، جس سے نئی قیمت 275 روپے 84 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی۔ مٹی کے تیل میں 2 روپے 75 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل میں 1 روپے 64 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ان کی نئی قیمتیں بالترتیب 182 روپے 22 پیسے اور 163 روپے 86 پیسے فی لیٹر رہنے کی توقع ہے۔
انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور طلب میں معمولی کمی اس کمی کی بڑی وجہ ہے۔ فی الحال پیٹرول کا امپورٹ پریمیم 6.62 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈیزل کا 3.20 ڈالر فی بیرل ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت پیٹرول پر 80 روپے 52 پیسے اور ڈیزل پر 79 روپے 51 پیسے فی لیٹر پٹرولیم لیوی اور کاربن سرچارج عائد ہیں۔ اس کے علاوہ ان لینڈ فریٹ ایکوالائزیشن مارجن (IFEM) پیٹرول کے لیے 8 روپے 69 پیسے اور ڈیزل کے لیے 6 روپے 19 پیسے فی لیٹر مقرر ہے۔وزارتِ خزانہ کل پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کرے گی، جس کے بعد ملک بھر میں پندرہ روزہ نیا قیمتوں کا فارمولا نافذ ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں :وزیر اعلیٰ کے پی کا حلف،گورنر کا نیا بیان سامنے آگیا