اہم خبریں

انسداد دہشت گردی عدالت کا علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

راولپنڈی(اے بی این نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر ڈی چوک احتجاج کیس کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

واضح رہے کہ تھانہ صادق آباد احتجاج کیس میں آج علیمہ خان پر فرد جرم عائد ہونا تھی، تاہم علیمہ خان عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، جس پر عدالت نے حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی اور وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے علیمہ خان کو گرفتار کرکے کل بدھ 15 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ طلبی کے باوجود بار بار پیش نہ ہونا عدالتی امور میں رکاوٹ ڈالنا ہوتا ہے۔عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے آرڈرز فوری تفتیشی آفیسر کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔

پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے ساتھ پولیس ٹیم اڈیالہ جیل جائے گی۔ علیمہ خان توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ رہی ہیں۔ جیل سماعت کے بعد علیمہ خان کی گرفتاری یا وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائی جائے گی۔
مزید پڑھیں: ہنزہ میں زلزلے کے جھٹکے،متعدد مکانات میں دراڑیں پڑگئیں

متعلقہ خبریں