لاہور (اے بی این نیوز ) ملک بھر میں راستے بند ہونے کے باعث اشیائے ضروریہ اور سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مختلف شہروں میں ٹرانسپورٹ کی بندش کے نتیجے میں مارکیٹوں تک سپلائی متاثر ہو گئی ہے، جس کے اثرات براہِ راست صارفین کی جیب پر پڑ رہے ہیں۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ٹماٹر 500 روپے فی کلو تک جا پہنچے ہیں، جب کہ پیاز اور آلو 100 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔ دیگر سبزیوں میں بھنڈی 254، بند گوبھی 260، ٹینڈا 250، مٹر 400، کدو 160 اور شملہ مرچ 180 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔
دالوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ دال ماش 520، چنے 480، باسمتی چاول 380، چینی 190، سرخ مرچ 800 جبکہ گھی کی پہلی درجے کی کوالٹی 560 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
چکی کا آٹا 130 روپے فی کلو، شیور مرغی کا گوشت 600 روپے فی کلو اور تازہ دودھ 250 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔ اتوار بازاروں میں بھی اشیاء کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔
مزید پڑھیں :وزیرِ اعلیٰ کے پی کے کا انتخاب غیر آئینی قرار دے دیا گیا،جا نئے کس نے دیا