اہم خبریں

پرائیویٹ حج اسکیم، بکنگ کا آخری مرحلہ، جا نیے پورٹل کب بند کر دیا جائے گا

اسلام آباد (اے بی این نیوز          )وزارتِ مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت حج بکنگ کا عمل اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، اور بکنگ کے لیے صرف چار دن باقی رہ گئے ہیں۔ 17 اکتوبر کی رات وزارت کا آن لائن پورٹل بند کر دیا جائے گا، جس کے بعد مزید بکنگ ممکن نہیں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم میں مجموعی طور پر 16 ہزار نشستیں دستیاب ہیں، جبکہ اب تک 44 ہزار عازمین کی بکنگ مکمل کی جا چکی ہے۔ بکنگ کا عمل 19 ستمبر کو شروع کیا گیا تھا اور یہ 17 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

وزارتِ مذہبی امور نے تمام نجی حج آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ بکنگ کا عمل بروقت مکمل کریں۔ وزیرِ مذہبی امور نے متعلقہ اداروں کو آگاہی مہم تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ عازمین کو بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزارتِ حج کے احکامات کی روشنی میں پرائیویٹ اسکیم کے تحت بکنگ کی مدت میں کسی قسم کی توسیع ممکن نہیں ہوگی۔ وزارت نے تمام پرائیویٹ حج آپریٹرز کو تحریری طور پر بھی مطلع کر دیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر بکنگ مکمل کی جائے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 25 دنوں میں نجی آپریٹرز تقریباً 23 ہزار نئے عازمین کی بکنگ کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ برس کے 21 ہزار 654 عازمین کو بھی رواں سال حج پر بھجوایا جائے گا۔

رواں برس پرائیویٹ حج آپریٹرز کے کوٹے میں نمایاں کمی کی گئی ہے، جو 90 ہزار سے گھٹا کر 60 ہزار کر دیا گیا ہے۔ اس وقت پرائیویٹ آپریٹرز 38 ہزار 346 عازمین کے کوٹے پر بکنگ کر رہے ہیں۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق پورٹل بند ہونے کے بعد کوئی نیا اندراج ممکن نہیں ہوگا، اس لیے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت اپنی حج بکنگ مکمل کر لیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں :لاہور،امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر مختلف راستے بند کردیئے گئے

متعلقہ خبریں