اسلام آباد( اے بی این نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے افغان اشتعال انگیزی کا موثر جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 23 اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں زخمی ہونے والے فوجیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک افواج کی پیشہ وارانہ مہارت پر فخر ہے، پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اور موثر جواب دیا جائے گا، پاک فوج نے ہمیشہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان نے افغان حکومت کو کئی بار اپنی سرزمین پر خوارج کی موجودگی سے آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کو افغانستان میں موجود عناصر کی حمایت حاصل ہے، توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے گی۔
مزید پڑھیں:ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر تاحیات پابندی