اہم خبریں

سب سے زیادہ سونا کس ملک کے پاس ہے ؟

اسلام آباد (  اے بی این نیوز   ) دنیا کے وہ ممالک جن کے پاس سب سے زیادہ سونا موجود ہے، قیمتیں تاریخی بلندی پر پہنچ گئیں۔ دنیا بھر میں سونے کی قیمتوں نے اس سال تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں سونا پہلی بار 4 ہزار ڈالر فی اونس کی حد عبور کر چکا ہے، جبکہ صرف چند ماہ کے دوران اس کی قیمت میں پچاس فیصد سے زائد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یہ اضافہ سونے کو 2025 کی سب سے زیادہ منافع بخش سرمایہ کاریوں میں شامل کر رہا ہے۔

ورلڈ گولڈ کونسل کی تازہ رپورٹ کے مطابق اگست 2025 میں دنیا کے مختلف مرکزی بینکوں نے مجموعی طور پر 15 ٹن سے زیادہ سونا خریدا، جس کے بعد سال بھر میں سونے کی خریداری ایک نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق کئی ممالک نے اپنے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے اور معاشی غیر یقینی صورتحال سے بچنے کے لیے سونا ذخیرہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

دنیا میں سب سے زیادہ سونا رکھنے والے ممالک میں امریکہ بدستور پہلے نمبر پر ہے، جس کے پاس 8 ہزار 133 ٹن سونا موجود ہے۔ امریکہ کا بیشتر سونا فورٹ ناکس اور نیویارک فیڈرل ریزرو میں محفوظ ہے۔
یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی 3 ہزار 352 ٹن سونے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جرمنی نے اپنے بیشتر ذخائر واپس ملک میں منتقل کر لیے ہیں تاکہ وہ بحران کے وقت محفوظ رہیں۔

اٹلی 2 ہزار 452 ٹن، فرانس 2 ہزار 437 ٹن اور روس 2 ہزار 327 ٹن سونا رکھنے کے ساتھ بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔ روس نے مغربی پابندیوں کے دوران بڑے پیمانے پر سونا خریدا تاکہ اپنی معیشت کو بین الاقوامی مالیاتی نظام سے آزاد کر سکے۔

چین کے پاس 2 ہزار 301 ٹن سونا ہے اور وہ مسلسل اپنے ذخائر میں اضافہ کر رہا ہے تاکہ یوان کی عالمی ساکھ کو مضبوط بنایا جا سکے۔ سوئٹزرلینڈ کے پاس ایک ہزار 40 ٹن، بھارت کے پاس 880 ٹن، جاپان کے پاس 846 ٹن جبکہ ترکیہ 639 ٹن سونے کے ساتھ فہرست میں دسویں نمبر پر ہے۔

مزید پڑھیں :احتجاج نہیں یہ فساد ہے، ریاست کسی جتھے کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی، طلال چودھری

متعلقہ خبریں