اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) ملک میں سردیوں کے آغاز کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے اکتوبر کے آخر تک خنکی بڑھ جائے گی۔ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم کے تیور بدلنے لگے ہیں۔ صبح اور رات کے اوقات میں خنکی محسوس کی جا رہی ہے جبکہ دن کے وقت سورج کی تپش بدستور برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمی تغیر کے بعد سردیوں کی آمد اکتوبر کے اختتام تک متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ملک میں سردیوں کا باقاعدہ آغاز اکتوبر کے آخر میں ہو گا۔ ادارے کے مطابق اس وقت کسی نمایاں بارش کا امکان نہیں، تاہم ماہِ اکتوبر کے اختتام پر متوقع بارشوں کے بعد گرمی کی شدت ختم ہو جائے گی اور موسم میں واضح ٹھنڈک آنا شروع ہو جائے گی۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق آئندہ ہفتوں میں درجہ حرارت میں بتدریج کمی آئے گی جبکہ شمالی علاقوں میں برفباری کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موسم کی تبدیلی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر صبح اور شام کے وقت گرم لباس کا استعمال شروع کریں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سال سردیوں کا آغاز معمول سے قدرے جلد متوقع ہے، اور نومبر سے ملک کے بیشتر علاقوں میں ٹھنڈ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں :پروازیں تا خیر کا شکار