اسلام آباد(اے بی این نیوز) راولپنڈی ، اسلام آبادکو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا، ریڈ زون کو جانے والے 4 راستے مکمل بند کر دیئے گئے ہیں۔ سرینہ چوک، ایکسپریس چوک، نادرا چوک اور میریٹ چوک کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے،ریڈ زون کو جانے والے تمام گیٹس کو بھی بند کر دیا گیا۔
رات گئے فیض آباد راولپنڈی کو مری روڈ، فیض آباد بس اڈا پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا،زیرو پوائنٹ کو بھی کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا،ایکسپریس وے پر کنٹینرز رکھے گئے لیکن راستہ بند نہیں کیا گیاصرف ایک گاڑی گزر سکتی ہے۔
کنٹینر لگنے کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، راول روڈ اور ناز سینما کو بھی کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا، ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی معطل رہے گی۔
راول ڈیم چوک سے صدر راولپنڈی جانے والی سڑک بند ہے، صدر راولپنڈی سے راول ڈیم چوک کی طرف جانے والی سڑک بند ہے، سوہان موڑ سے آئی جے پی کی طرف سڑک کھول دی گئی ہے۔
آئی جے پی سے راول ڈیم کی طرف سڑک بند ہے، دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے رات 12 بجے سے موبائل، انٹرنیٹ سروس کوبھی بند کر دیا ہے۔ سروس غیر معینہ مدت کے لئے معطل رہے گی۔اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔یہ اقدام مذہبی سیاسی جماعت کے مارچ کے پیش نظر سکیورٹی خدشات کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا