اہم خبریں

پاکستان اور سعودی عرب حقیقی بھائی، تعلقات نئے دور میں داخل، وزیراعظم

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات خالص بھائی چارے، اعتماد اور مستقل عزم پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں ایک خاندان کی طرح بیٹھے ہیں اور یہی تعلق ہمارے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتے کی اصل بنیاد ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ وہ گزشتہ 40 سال سے سیاست میں ہیں اور پہلی بار 1960 کی دہائی کے آخر میں سعودی عرب گئے تھے۔ ان کے مطابق وہ کئی مرتبہ سعودی عرب کے دورے کر چکے ہیں مگر حالیہ دورہ اپنے نوعیت کے لحاظ سے منفرد اور تاریخی رہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ 20 یا 30 سال قبل پاکستان اور سعودی عرب بعض شعبوں میں تجربات کا تبادلہ کر رہے تھے، لیکن آج سعودی عرب ترقی، نظم و نسق اور جدیدیت میں ایک مثال بن چکا ہے، جس سے ہمیں سیکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل اور آزمائش کے وقت پاکستان کا ساتھ دیا ہے، اور سعودی بھائی بہنوں نے پاکستان کے لیے بے مثال محبت اور تعاون کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو کاروبار، سرمایہ کاری، تحقیق اور ترقی کی بنیاد پر مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ دراصل بھائی چارے اور اعتماد کی علامت ہے۔ ہم حقیقی بھائی ہیں، اور بھائی ہمیشہ بھائی کی مدد کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقدس مقامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے محافظ رہنا ہمارے لیے اعزاز ہے، اور ہم ان مقامات کے تقدس کے لیے ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ کاروباری خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے قریبی تعاون سے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نہ صرف ہمارا قابلِ اعتماد دوست ہے بلکہ وہ پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اب وقت ضائع کیے بغیر سعودی عرب کے تجربات سے سیکھنا ہوگا تاکہ پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کے نئے دور میں داخل کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں :علی امین گنڈاپور کا وزارتِ اعلیٰ سے استعفے کا اعلان

متعلقہ خبریں