راولپنڈی ( اے بی این نیوز ) راولپنڈی پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں پیش ہونے سے انکار کر دیا۔ جیل حکام کے مطابق عمران خان کی طبیعت ناساز ہے، جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی کی انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی۔
اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے، جبکہ اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ بھی کارروائی میں شریک ہوئے۔عدالت نے عمران خان کو تین بار پیش ہونے کا پیغام بھیجا، تاہم جیل عملے نے عدالت کو بتایا کہ وہ طبیعت کی خرابی کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔ عدالت، پراسیکیوشن ٹیم اور وکلا تقریباً ایک گھنٹہ 40 منٹ تک انتظار کرتے رہے مگر عمران خان کو عدالت میں نہیں لایا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کے خلاف 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا جیل ٹرائل بحال کیا گیا تھا، جس کے لیے پنجاب حکومت نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔
مزید پڑھیں : ایئر بلیو کا دھڑن تختہ،پروازیں تاخیر،مسافر اذیت کا شکار،عملہ کی جانب سے عدم تعاون