اسلام آباد اے بی این نیوز ) اسلام آباد پیپلزپارٹی کی مرکزی ترجمان سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ن لیگ کی اتحادی ضرور ہے مگر غلام نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت کسی صوبے کو اپنی ذاتی جاگیر قرار نہیں دے سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی اپنی قیادت پر لگنے والے بے بنیاد الزامات برداشت نہیں کرے گی۔پلوشہ خان نے کہا کہ ن لیگ والوں کو چاہیے کہ اپنے گھر کی لڑائی پیپلزپارٹی کے کھاتے میں نہ ڈالیں۔ پیپلزپارٹی ن لیگ کے اندرونی تنازعات میں شامل نہیں ہونا چاہتی کیونکہ اس کا فوکس عوامی مسائل کے حل اور قومی مفاد پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ پاکستان کے مؤقف کا عالمی سطح پر بھرپور دفاع کیا اور بھارتی نظریے کو ہر سطح پر پاش پاش کیا۔ بلاول بھٹو نے کبھی بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان نہیں بلایا بلکہ ہمیشہ نعرہ لگایا کہ “مودی کا جو یار ہے، غدار ہے غدار ہے”۔پلوشہ خان نے کہا کہ پنجاب کسی ایک پارٹی کی جاگیر نہیں بلکہ پورے پاکستان کا دل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ سیلاب کے دوران پنجاب میں زیادہ تر امدادی سرگرمیاں پاک فوج اور پاک نیوی نے انجام دیں، جس پر پوری قوم کو فخر ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ملک کسی مشکل گھڑی سے گزرا، بلاول بھٹو نے سب سے آگے بڑھ کر پاکستان کا مقدمہ لڑا اور عالمی فورمز پر ملک کی آواز بنے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما کبھی ملک چھوڑ کر بھاگنے والے نہیں بلکہ عوام کے ساتھ کھڑے رہنے والے لوگ ہیں۔
پلوشہ خان نے مزید کہا کہ ہم پنجاب کے مسائل پر بات کریں گے، ن لیگ سندھ پر کرے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ اس وقت ہمارا مقصد سیلاب متاثرین کا مقدمہ لڑنا اور ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو پیپلزپارٹی سے اس لیے تکلیف ہے کیونکہ وزیراعظم کے عہدے کے لیے شہباز شریف کو نامزد کیا گیا تھا۔ انہیں شہباز شریف کا اپنی کرسی پر بیٹھنا کبھی اچھا نہیں لگا۔ پلوشہ خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی سیاست برابری کی بنیاد پر کرتی ہے، کسی کے زیرِ اثر نہیں۔
مزید پڑھیں : عام تعطیل کا اعلان