اہم خبریں

یو فون نے ٹیلی نار خرید لیا

اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) پاکستان کی ٹیلی کمیونیکیشن انڈسٹری میں ایک بڑی اور تاریخی پیش رفت ہوئی ہے جہاں یو فون نے ٹیلی نار پاکستان کو باضابطہ طور پر خرید لیا ہے۔ اس انضمام کے ساتھ ہی ٹیلی نار پاکستان اب ایک علیحدہ ادارے کے طور پر وجود نہیں رکھے گا اور اسے مکمل طور پر یو فون کے آپریشنل ڈھانچے میں ضم کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کمپنیوں کے درمیان یہ معاہدہ قانونی، مالی اور انتظامی تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد پایہ تکمیل تک پہنچا۔ یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے بلکہ اس سے ملکی مارکیٹ میں آپریٹرز کی تعداد میں کمی آئے گی اور مسابقت کے نئے اصول سامنے آئیں گے۔

یو فون کے ترجمان نے اس انضمام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل کے بعد صارفین کو بہتر نیٹ ورک کوالٹی، جدید ڈیجیٹل سہولیات اور زیادہ وسیع کوریج فراہم کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق اس انضمام کے دوران صارفین کو کسی قسم کی سروس میں تعطل یا رکاوٹ کا سامنا نہیں ہوگا، اور تمام تکنیکی سسٹمز کو بتدریج یکجا اور اپ گریڈ کیا جائے گا۔

ٹیلی کام ماہرین اس اقدام کو پاکستان میں ٹیلی کام سیکٹر کے استحکام اور غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاری کے لیے مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس انضمام کے اثرات آئندہ چند ماہ میں واضح ہوں گے، خاص طور پر قیمتوں، پیکیجز اور صارفین کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے۔

یاد رہے کہ ٹیلی نار پاکستان نے 2004 میں اپنی خدمات کا آغاز کیا تھا اور گزشتہ بیس برسوں میں اس نے پاکستان کی ٹیلی کام مارکیٹ میں ایک مضبوط مقام بنایا۔ اب یو فون کے ساتھ انضمام کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نئی متحدہ کمپنی کو “یو فون ٹیلی نار” یا کسی نئی شناخت کے ساتھ مارکیٹ میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں :پیپلز پارٹی کبھی وفاق کو کمزور نہیں ہونے دے گی،راجہ پرویز اشرف

متعلقہ خبریں