اہم خبریں

جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ،مجسٹریٹ اغوا،عمارت کو آگ لگا دی

خاران ( اے بی این نیوز ) خاران کی تحصیل مسکان قلات میں ایک سنگین واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور اچانک عمارت میں داخل ہوئے اور جوڈیشل مجسٹریٹ محمد جان کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے دوران مسلح افراد نے جوڈیشل کمپلیکس کی عمارت کو بھی آگ لگا دی، جس کے باعث عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور جوڈیشل افسر کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

تاحال کسی گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ خاران میں پیش آنے والا یہ واقعہ علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر سنجیدہ سوالات اٹھا رہا ہے اور عوام میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں :سول ڈیفنس ملازمین کی تنخواہ میں 15 ہزار روپے اضافے کا اعلان

متعلقہ خبریں