اہم خبریں

ن لیگ چاہتی ہے ملک میں پارلیمانی نظام نہ چلے،پیپلز پارٹی

اسلام آباد(اے بی این نیوز    )   پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے دانشمندی اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارلیمان کے وجود کو برقرار رکھا، اگر پارٹی ساتھ نہ دیتی تو موجودہ نظام کب کا ختم ہو چکا ہوتا۔انہوں نے کہا اگر وفاقی حکومت ختم ہوتی ہے تو سوال یہ ہے کہ کیا پنجاب حکومت قائم رہ سکے گی؟ مسلم لیگ (ن) دراصل یہ چاہتی ہے کہ ملک میں پارلیمانی نظام نہ چلے۔

نیئر بخاری نے کہا کہ سیاسی قیادت کا اصل امتحان،تحمل اور برداشت ہے، اور یہی وہ خوبی ہے جو پیپلزپارٹی میں ہمیشہ موجود رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہمارے بغیراسمبلی کا کورم بھی پورا نہیں کر سکتی، مگر اس کے باوجود الزامات لگانے سے باز نہیں آتی۔

پیپلزپارٹی رہنما نے مزید کہا کہ ہم تو یہ تجویز دے رہے ہیں کہ بی آئی ایس پی (بینظیر انکم سپورٹ پروگرام) کا ڈیٹا استعمال کیا جائے تاکہ عوامی فلاحی منصوبے بہتر طریقے سے چل سکیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی صفوں سے آنے والے بیانات سے واضح تقسیم نظر آتی ہےوفاق اور پنجاب ایک دوسرے سے ہم آہنگ نہیں

نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ آج بھی وفاقی حکومت کے پاس کوئی ٹھوس معاشی حکمتِ عملی نہیں، انہوں نے کشکول اٹھا رکھا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی ہر حکومت آئی ایم ایف کے در پر جاتی ہے، اور یہی طرزِ عمل ملکی معیشت کی کمزوری کی اصل وجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام اور عوامی مفاد کو مقدم رکھا ہے، اور آئندہ بھی نظامِ پارلیمان کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزید پڑھیں :قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل طلب

متعلقہ خبریں