کولمبو (اے بی این نیوز )کولمبو میں بھارت کے خلاف جاری ویمنز ورلڈ کپ میچ کے دوران پاکستانی اوپنر منیبہ علی کا رن آؤٹ متنازع صورتِ حال اختیار کر گیا۔ منیبہ علی کو پہلے تھرڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا، تاہم کچھ ہی دیر بعد فیصلہ تبدیل کر کے انہیں آؤٹ قرار دے دیا گیا، جس پر پاکستانی ٹیم اور شائقین نے حیرت اور ناراضی کا اظہار کیا۔پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے اس فیصلے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے فورتھ امپائر کے سامنے باضابطہ طور پر اپنا مؤقف پیش کیا۔
فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ فیصلہ غیر واضح اور کنفیوژن پر مبنی تھا، کیونکہ ری پلے میں واضح شواہد موجود نہیں تھے جو آؤٹ کے فیصلے کی حمایت کر سکیں۔سوشل میڈیا پر بھی شائقین کرکٹ نے تھرڈ امپائر کے فیصلے پر سوالات اٹھائے، کئی صارفین نے اسے “غیر منصفانہ” اور “ناقابلِ فہم” قرار دیا۔ اس واقعے کے بعد میچ کا ماحول کچھ دیر کے لیے تناؤ کا شکار رہا، تاہم پاکستانی ٹیم نے اپنی بیٹنگ جاری رکھی۔یہ متنازع فیصلہ ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے پاک بھارت میچ میں نیا تنازعہ بن کر سامنے آیا ہے، جہاں پہلے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :نادرا کا اقدام، شناختی کارڈ منسوخی اور بھی آسان، جانئے طریقہ کار
