اہم خبریں

نادرا کا اقدام، شناختی کارڈ منسوخی اور بھی آسان، جانئے طریقہ کار

اسلام آباد (اے بی این نیوز       )اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے انتقال کر جانے والے افراد کے شناختی کارڈ کی منسوخی کے عمل کو مزید آسان اور تیز تر بنا دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور قانونی و خاندانی معاملات میں درپیش مشکلات کو کم کرنا ہے۔پاکستان میں اکثر لوگ اپنے قریبی عزیزوں کی وفات کا بروقت اندراج نہیں کرواتے، یا مرحوم کا شناختی کارڈ نادرا سے منسوخ نہیں کراتے،
جس کے باعث وراثت، پنشن اور قانونی کارروائیوں میں پیچیدگیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔ نادرا نے اس مسئلے کے حل کے لیے جامع اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن میں سب سے اہم شناختی کارڈ کی منسوخی کی فیس کا مکمل خاتمہ ہے، تاکہ شہریوں کو کسی مالی دباؤ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔نادرا نے صوبائی سول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم (CRMS) کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کو مضبوط کیا ہے اور وفات کی بائیومیٹرک تصدیق کو لازمی قرار دیا ہے،
جس سے جعلی اندراجات اور غلط معلومات میں واضح کمی آئی ہے۔ حکام کے مطابق نئے نظام کے نفاذ کے بعد اموات کے اندراج میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جس سے خاندانی ریکارڈ مزید درست اور شفاف ہو گیا ہے۔نادرا نے اپنی موبائل ایپ “پاک آئی ڈی” میں بھی نئی سہولیات شامل کی ہیں۔ اب شہری گھر بیٹھے اپنے قریبی رشتہ دار کی وفات کے بعد اسی ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ کی منسوخی کی درخواست دے سکتے ہیں۔ پنجاب کے تین اضلاع میں بطور پائلٹ پراجیکٹ وفات کا اندراج بھی پاک آئی ڈی ایپ سے ممکن بنا دیا گیا ہے،

جب کہ جلد ہی پیدائش، شادی، طلاق اور وفات کے اندراج کی سہولت ملک بھر میں فراہم کی جائے گی۔مزید برآں، نادرا نے “پاک آئی ڈی” ایپ میں خاندانی ریکارڈ دیکھنے کی مفت سہولت اور غلطیوں کی نشاندہی کے لیے نیا فیچر بھی متعارف کرایا ہے۔ اس اقدام کا مقصد قومی ڈیٹا بیس کو مزید شفاف اور اپ ڈیٹ رکھنا ہے۔نادرا حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی زندگی کے تمام اہم واقعات—پیدائش، شادی، طلاق اور وفات—کو بروقت رجسٹر کرائیں، تاکہ قومی سطح پر ایک درست اور مستند ڈیٹا بیس تشکیل دیا جا سکے جو مستقبل میں سرکاری اور قانونی نظام کو مزید مؤثر بنائے گا۔
مزید پڑھیں :گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری

متعلقہ خبریں