راولپنڈی ( اے بی این نیوز)پاک فوج نے بھارتی سیکیورٹی قیادت کے اشتعال انگیز اور جارحانہ بیانات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیرذمہ دارانہ بیانات بھارت کی جارحیت کیلئےمن گھڑت بہانے تراشنے کی کوشش ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ بیانات جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں، بھارت دہائیوں سے خود کو مظلوم ظاہر کر کے پاکستان پر الزام تراشی کرتا آیا ہے، حقیقت میں بھارت سرحد پار دہشت گردی اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز ہے، بھارت نے رواں سال اپنی جارحیت کے نتیجے میں ایٹمی طاقتوں کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا، مگر اب وہ اپنے لڑاکا طیاروں کے ملبے اور پاکستان کی صلاحیت کو بھول گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اگر نئی جارحیت ہوئی تو پاکستان پیچھے نہیں رہے گا ،فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، پاکستان نے جواب کا ایک نیا معمول قائم کیا ہے، جو تیز، فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا، دشمن کی سرزمین کے ہر کونے تک کارروائی کی اہلیت رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں:کراچی سمندری طوفان ’شَکتی‘ مزید شدت اختیار کر گیا! الرٹ جاری