اسلام آباد(اے بی این نیوز )نادرا نے شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت متعارف کرا دی ہے جس کے بعد شناختی کارڈ یا دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے اب گھنٹوں قطاروں میں کھڑے رہنے کی جھنجھٹ ختم ہو گئی ہے۔ تازہ اعلان کے مطابق اب ہر شہری گھر بیٹھے صرف پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے اپنے قریبی نادرا سینٹر میں اپائنٹمنٹ بک کر سکتا ہے اور مقررہ وقت پر جا کر ترجیحی بنیادوں پر سروس حاصل کر سکتا ہے۔
اس سہولت کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ لوگوں کو طویل انتظار سے نجات ملے گی اور نادرا دفاتر میں غیر ضروری رش بھی کم ہو جائے گا۔ شہری کسی بھی شہر سے تعلق رکھتے ہوں، چاہے وہ لاہور، کراچی، اسلام آباد یا کوئی اور مقام ہو، اب صرف موبائل ایپ پر چند کلکس کے ذریعے اپائنٹمنٹ حاصل کر سکتے ہیں۔نادرا حکام کے مطابق یہ اقدام عوام کی سہولت اور جدید ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال کے لیے کیا گیا ہے تاکہ شناختی دستاویزات کے اجرا کے عمل کو تیز، شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔
یہ سہولت اندرونِ ملک ہی نہیں بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی کارآمد ہوگی، کیونکہ نادرا ہی قومی شناختی کارڈ اور دیگر قانونی دستاویزات جاری کرنے کا واحد مجاز ادارہ ہے۔یہ نیا سسٹم نہ صرف وقت کی بچت کرے گا بلکہ عوامی اعتماد میں بھی اضافہ کرے گا، اور نادرا دفاتر میں ہونے والی مشکلات اور بدنظمی پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔
مزید پڑھیں :بھارتی میڈیا کی نفرت انگیز مہم،ثنا میر نے کر دیئے سب کے منہ بند،جا نئے کیسا منہ توڑ جواب دیا
