اہم خبریں

جدید الیکٹرک بس سروس ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا نیا دور لے کر آئی ہے،مریم نواز

اسلام آباد (اے بی این نیوز    )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ لاہور میں جدید الیکٹرک بس سروس عوام کو سہولت دینے کے ساتھ ساتھ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا نیا دور لے کر آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں پہلے مرحلے میں ٹیسٹ ٹرائل کے طور پر الیکٹرک بسیں چلائی گئیں اور آج مزید 40 بسوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ دسمبر تک یہ تعداد 70 تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس سال کے اختتام تک لاہور کی سڑکوں پر 170 الیکٹرک بسیں رواں دواں ہوں گی اور لاہور ڈویژن کے دیگر اضلاع، بشمول شیخوپورہ، ننکانہ اور قصور میں بھی یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق صرف لاہور ڈویژن میں تقریباً 500 بسیں عوام کو سفر کی سہولت دے رہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف سفری سہولت نہیں بلکہ عوامی خدمت کا تسلسل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بسیں نہ صرف آرام دہ اور جدید سہولتوں سے آراستہ ہیں بلکہ ماحول کو صاف رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے لاہور کو اپنا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کی ترقی میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی خدمت کی نشانی ہے جہاں میٹرو اور اورنج لائن جیسے منصوبے بھی اسی جذبے سے مکمل کیے گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ویڈیو میں ایک معذور خاتون کو ہیلپر نے بس پر سوار کرایا، جس پر اس نے کہا کہ “مریم نواز نے میری بہت مدد کی۔” مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ خصوصی افراد کا ڈیٹا اکٹھا کر کے انہیں گھر تک سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ بھی بلا رکاوٹ اس جدید نظام سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام نے گرین اور الیکٹرک بسوں کو بھرپور پذیرائی دی ہے اور یہاں تک کہ میانوالی جیسے شہروں میں بھی ان بسوں کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود عوام کو بہترین اور جدید سفر کی سہولت دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور یہ کام اسی جذبے سے جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کی دن رات کی سوچ صرف عوامی خدمت اور صوبے کی بہتری کے گرد گھومتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب اور محنت کش طبقے کے لیے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جو نہ صرف سہولت فراہم کریں گے بلکہ ان کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی بھی لائیں گے۔ تعلیم کے میدان میں 80 ہزار سے زائد بچوں کو اسکالرشپ دی جا رہی ہیں تاکہ کوئی بچہ غربت کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے تاریخ کے بدترین سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کڑے وقت میں پنجاب حکومت نے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا، ڈھائی ملین افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جدید ڈرون اور تھرمل امیجنگ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی، تین وقت کا کھانا عزت و احترام کے ساتھ پہنچایا گیا اور متاثرین کو مہمانوں کی طرح رکھا گیا۔

ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو صاف ستھرا اور جدید صوبہ بنانے کے لیے ہزاروں کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں، اور اس سال مزید ہزاروں کلومیٹر نئی سڑکیں بنائی جائیں گی۔ دیہات میں بھی سڑکوں، پانی اور صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے جبکہ لاہور میں 500 گاؤں کو ماڈل ولیجز کے طور پر ڈویلپ کیا جا رہا ہے۔

ٹرانسپورٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے بعد اب نومبر میں فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی میٹرو سروس شروع کی جائے گی، جس سے عوام کو سفری سہولتوں میں نئی آسانیاں میسر آئیں گی۔ اسی طرح 2 ملین محنت کش خاندانوں کو راشن کارڈ کے ذریعے مالی مدد دی جا رہی ہے جبکہ معذور افراد کے لیے بھی ایک لاکھ روپے تک کی خصوصی امداد رکھی گئی ہے۔

لاہور میں بڑھتی سموگ کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے سموگ کنٹرول گنز، جدید ٹاورز اور ماحولیاتی گاڑیاں نصب کی جا رہی ہیں تاکہ ہوا کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور دنیا کو دکھایا جا سکے کہ پنجاب اپنے ایئر کوالٹی انڈیکس کو سنجیدگی سے بہتر کر رہا ہے۔

صحت کے شعبے میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت کئی نئے اسپتال بنائے گئے ہیں جہاں دل، جگر، سانس، ہڈیوں اور بچوں کے امراض کا جدید علاج دستیاب ہے۔ لیور ٹرانسپلانٹ اور دیگر پیچیدہ امراض کے علاج کی سہولیات بھی اب پنجاب میں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو دور دراز شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔

سیکورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چند ماہ میں پنجاب کے کئی اضلاع میں جرائم کی شرح صفر پر آ گئی ہے اور باقی علاقوں میں بھی جلد قابو پا لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسا پنجاب دیکھنا چاہتی ہیں جہاں بیٹیاں، مائیں اور بہنیں خوف کے بغیر باہر نکل سکیں، لوگ اپنی تنخواہ لے کر بلاخوف گھروں کو جا سکیں اور ہر فرد اپنے خاندان، بچوں اور گھر کی حفاظت کے بارے میں مطمئن ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ لوگوں کو گمراہ کر کے سڑکوں پر نکالا گیا اور ان سے پنجاب کے خلاف بات کروائی گئی، لیکن وہ اس سوچ کو کبھی قبول نہیں کرتیں کیونکہ صوبائیت پر یقین نہیں رکھتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب کی وزیراعلیٰ ہی عوام کے حق میں آواز بلند نہ کرے تو پھر کون کرے گا؟ پنجاب کے عوام مشکل میں ہیں، کبھی سیلاب میں گھرے ہوتے ہیں تو کبھی دوسری مشکلات کا شکار، ایسے میں وہ ان کے ساتھ کھڑی ہیں اور رہیں گی۔

مریم نواز نے واضح کیا کہ اگر باہر سے کوئی پنجاب کے عوام کے خلاف بات کرے گا تو وہ خاموش نہیں بیٹھیں گی بلکہ بھرپور اور زوردار جواب دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اکیلی نہیں ہیں، عوام ان کے ساتھ ہیں اور پنجاب کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

اپوزیشن کے اعتراضات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ واک آؤٹ کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ مریم نواز معافی مانگیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ وہ کیوں معافی مانگیں؟ معافی تو انہیں مانگنی چاہیے جنہوں نے مشکل وقت میں، خصوصاً سیلاب کے دوران، پنجاب کے عوام پر تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بھی کبھی اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے ہٹ کر معافی نہیں مانگی اور وہ بھی اسی روایت کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب پاکستانی ہیں لیکن ساتھ ہی پنجابی بھی ہیں، اور پنجاب کی خدمت اور عوام کے دفاع میں وہ ہمیشہ سب سے آگے کھڑی ہوں گی۔

مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس،تتر بتر،کسی رکن سے شرکت ہی نہیں کی،مزید اہم انکشافات

متعلقہ خبریں