راولپنڈی( اے بی این نیوز )راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے حملوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی تازہ رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک 11 ہزار 650 افراد کے ڈینگی ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے 730 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 25 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق شہر کے مختلف اسپتالوں میں اس وقت 61 مریض زیر علاج ہیں، جبکہ ڈینگی سے ہلاکتیں بھی رپورٹ ہو چکی ہیں، تاہم ان کی درست تعداد فی الحال ظاہر نہیں کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2025 کے دوران 54 لاکھ 51 ہزار 682 گھروں کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 1 لاکھ 47 ہزار 907 مقامات پر ڈینگی لاروا کی موجودگی پائی گئی، اور مجموعی طور پر 1 لاکھ 89 ہزار 101 لاروا برآمد کیے گئے۔
راولپنڈی شہر میں ڈینگی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 1499 گھروں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4359 مقدمات درج کیے گئے، 1838 مقامات سیل کیے گئے اور 10 لاکھ 78 ہزار 507 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں جن علاقوں سے نئے ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ان میں دھمیال، رحمت آباد، مسلم ٹاؤن، مسلم ٹاؤن مشرقی، گنگال، ڈھوک منگٹال، ہزارہ کالونی، کوٹھہ کلاں، صدیق آباد، ڈھوک کالا خان اور شکریال نارتھ شامل ہیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں، اور فوری طور پر ڈینگی علامات کی صورت میں قریبی مرکز صحت سے رجوع کریں۔
مزید پڑھیں :