اہم خبریں

انگور اڈہ بارڈر ٹرمینل کی تعمیر صرف 30 دن میں مکمل

جنوبی وزیرستان ( اے بی این نیوز     )نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) نے جنوبی وزیرستان کے عوام کے لیے ایک اور اہم منصوبہ مکمل کرتے ہوئے انگور اڈہ بارڈر ٹرمینل صرف 30 دن کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کر لیا ہے۔ یہ منصوبہ سرحدی علاقے کے مقامی قبائل کے دیرینہ مطالبے پر عملی جامہ پہنایا گیا، جو طویل عرصے سے ایک فعال تجارتی راستے کے قیام کے خواہاں تھے۔

انگور اڈہ بارڈر ٹرمینل کو جدید انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل نظام سے آراستہ کر کے مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ سخت جغرافیائی حالات اور بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی کے باوجود این ایل سی نے منصوبے کو انتہائی قلیل وقت میں مکمل کیا، جسے مقامی سطح پر ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

تعمیراتی کام میں مقامی ہنرمندوں کی خدمات حاصل کی گئیں، جس سے نہ صرف انہیں روزگار ملا بلکہ منصوبے کی تعمیر میں مقامی شمولیت بھی یقینی بنائی گئی۔ ٹرمینل میں کسٹمز، ایف آئی اے، پلانٹ پروٹیکشن اور دیگر محکموں کے دفاتر کے ساتھ ساتھ رہائشی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

انگور اڈہ ٹرمینل نہ صرف مقامی قبائل کے لیے ایک مضبوط اقتصادی بنیاد فراہم کرے گا بلکہ جنوبی وزیرستان کی پیداوار کو مختصر اور محفوظ راستوں کے ذریعے افغانستان اور خطے کے دیگر ممالک تک برآمد کرنا بھی ممکن بنائے گا۔ اس منصوبے سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا، جس کے نتیجے میں سماجی و اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

مزید پڑھیں :الیکشن ایکٹ 2024 میں کی گئی ترمیم کے خلاف دائر درخواست پر سماعت آج

متعلقہ خبریں