اہم خبریں

24 گھنٹے نگرانی کا حکم

لاہور ( اے بی این نیوز        )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں فضائی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے محکمہ ماحولیات کو ہدایت دی ہے کہ پنجاب میں 24 گھنٹے فضاکے معیار کی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم سے حاصل ہونے والا ڈیٹا نہ صرف ضلعی انتظامیہ بلکہ عوام کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے تاکہ شہری بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کرسکیں۔ان ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ ماحولیات پنجاب نے تحفظ ماحول قانون کے تحت باضابطہ حکم نامہ جاری کردیا ہے

، جس کے تحت فضائی آلودگی اور زہریلے مادوں کی نگرانی کی رپورٹ ہر آٹھ گھنٹے بعد جاری کی جائے گی۔ پہلی شفٹ کا ڈیٹا رات 12 سے صبح 8 بجے تک مرتب ہوگا اور صبح 9 بجے جاری ہوگا، دوسری شفٹ صبح 8 سے سہ پہر 4 بجے تک ہوگی جس کا ڈیٹا شام 5 بجے جاری ہوگا، جبکہ تیسری شفٹ شام 4 بجے سے رات 11:59 تک ہوگی جس کا ڈیٹا رات ایک بجے شائع کیا جائے گا۔پنجاب کے 17 اضلاع میں قائم 41 ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز تین شفٹوں میں مسلسل نگرانی کریں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے فضائی آلودگی کی اس قدر تفصیلی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ حاصل شدہ ڈیٹا فضا میں موجود آلودگی پھیلانے والے ذرات اور زہریلی گیسوں کے تجزیے کی بنیاد پر تیار ہوگا، جس کے بعد محکمہ ماحولیات اور دیگر حکومتی ادارے فوری کارروائی کرسکیں گے۔

مزید پڑھیں :سیشن کورٹ لاہور نے ملزم یوٹیوبر سعدالرحمٰن عرف ڈکی بھائی کی ضمانت خارج کردی

متعلقہ خبریں