دبئی ( اے بی این نیوز )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے۔ پاکستان کے نوجوان اسٹار صائم ایوب نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون آل راؤنڈر کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ چار درجے ترقی کے بعد وہ پہلی بار اس مقام پر پہنچے اور بھارت کے ہاردیک پانڈیا کو پیچھے چھوڑ دیا جو اب دوسرے نمبر پر ہیں۔ اسی فہرست میں پاکستان کے محمد نواز نے بھی نمایاں پیش رفت کی اور چار درجے ترقی کے بعد تیرہویں نمبر پر آگئے، جبکہ فہیم اشرف بھی بہتری کے ساتھ پینتیسویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
بلے بازوں کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما نے زبردست پرفارمنس کے بعد 931 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلا نمبر حاصل کر لیا۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے گیارہ درجے ترقی کے بعد تیرہویں پوزیشن سنبھالی ہے، جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم تنزلی کے باعث سینتیسویں نمبر پر چلے گئے اور محمد رضوان اکتالیسویں پوزیشن پر آگئے۔ فخر زمان نے چھ درجے ترقی کے بعد ساٹھواں نمبر حاصل کیا ہے۔
بولرز کی فہرست میں بھارت کے ورون چکروتی سرفہرست ہیں، لیکن پاکستان کے ابرار احمد تین درجے تنزلی کے ساتھ ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔ اس کے برعکس شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بہتری دکھاتے ہوئے بارہ درجے ترقی کے ساتھ چودھویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔
مزید پڑھیں :مری میں پہلی بار دل کے علاج کی جدید سہولت فراہم کر دی گئیں،مریم نواز