راولپنڈی ( اے بی این نیوز )راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو دھوکے سے ویڈیو لنک ٹرائل میں پیش کیا گیا اور ان کی حاضری لگوائی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ عمل غیر قانونی ہے اور عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ آئندہ وہ نہ عدالت میں پیش ہوں گے اور نہ ہی ویڈیو لنک کے ذریعے۔علیمہ خان کے مطابق عمران خان کو ایک کمرے میں لے جا کر ویڈیو لنک کے ذریعے تین بار پیش کیا گیا لیکن نہ انہیں وکلا سے مشورہ کرنے کا موقع دیا گیا اور نہ ہی کارروائی کی آواز سنائی دی۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حربے عدالتی نظام پر سوالیہ نشان ہیں اور ججز و پراسیکیوشن کو غیر قانونی اقدامات کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔عمران خان کا مؤقف ہے کہ جب تک انہیں اپنے وکلا کے ساتھ قانونی حق نہیں دیا جاتا وہ کسی بھی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے۔ انہوں نے اپنے سیل سے باہر آنے سے بھی انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ٹرائل غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔
مزید پڑھیں :بلوچستان کابینہ کا فیصلہ معطل