پشاور ( اے بی این نیوز )خیبرپختونخوا کی سیاست میں بڑا دھچکا اس وقت لگا جب صوبائی کابینہ کے دو اہم وزرا نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیرِ تعلیم فیصل خان ترکئی اور وزیرِ آبپاشی عاقب اللہ خان نے اپنے استعفے پیش کر دیے ہیں، جس کی باضابطہ تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔
یہ اچانک اقدام کے پی حکومت کے لیے ایک بڑا سیاسی بحران تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ دونوں وزرا پارٹی کے نمایاں اور بااثر رہنما سمجھے جاتے تھے۔ فیصل خان ترکئی طویل عرصے سے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے ایجنڈے پر سرگرم رہے جبکہ عاقب اللہ خان کو صوبے میں آبپاشی اور زراعت کے منصوبوں میں کلیدی کردار کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان استعفوں کے بعد صوبائی حکومت کو مزید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے اور یہ صورتحال اندرونی اختلافات کو بھی بے نقاب کرتی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے فوری طور پر اسے حکومت کی کمزوری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزرا کے مستعفی ہونے سے ثابت ہوتا ہے کہ صوبے میں حکومتی معاملات غیر مستحکم ہیں۔
ادھر پارٹی حلقوں میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ مزید وزرا بھی آئندہ دنوں میں مستعفی ہو سکتے ہیں، جس سے صوبائی حکومت کے لیے اپنی اکثریت اور ساکھ برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں :پاکستان کافتح4کروزمیزائل کاکامیاب تجربہ