اسلام آباد ( اے بی این نیوز )اسلام آباد کو جدید ڈیجیٹل شہروں کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے حکومت نے بڑا قدم اٹھایا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کو وائی فائی سٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے تحت شہریوں کو مختلف اہم مقامات پر مفت انٹرنیٹ کی سہولت دی جائے گی۔ وزارت داخلہ نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کراتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے سی ڈی اے اور نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن نے مل کر ایک فریم ورک تیار کیا ہے۔
اسلام آباد کے 30 مقامات پر مفت پبلک وائی فائی دستیاب ہوگا اور اس کا آزمائشی دورانیہ دسمبر 2025 کے آخر تک رکھا گیا ہے۔ شہریوں کے لیے یہ سہولت شہر کے بڑے پارکس، بازاروں، اسپتال اور تفریحی مقامات پر فراہم کی جائے گی تاکہ عوام بآسانی جدید ڈیجیٹل سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔
تفصیلات کے مطابق میٹرو بس سروس کے پاک سیکریٹریٹ سے یوپی روڈ تک 14 اسٹیشنز پر اور فیض احمد فیض اسٹیشن سے جی ٹی روڈ 26 نمبر تک 70 اسٹیشنز پر مفت انٹرنیٹ کی سہولت ہوگی۔ اس کے علاوہ سی ڈی اے اسپتال، جاپانی پارک، لیک ویو پارک اور دامن کوہ جیسے مقامات پر بھی لوگ بغیر کسی خرچ کے وائی فائی استعمال کر سکیں گے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے فاطمہ جناح پارک، جی 6 اور ایچ 9 اتوار بازار، ایف 6 اور ایف 7 مراکز میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں :اسرائیلی وزیراعظم نے معافی مانگ لی