اہم خبریں

بھارت نے پاکستان کو ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہرا دیا

دبئی ( اے بی این نیوز       )بھارت نے پاکستان کو ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہرا دیا ، پاکستان کے ہارنے پر شائقین کرکٹ مایوس ہو گئے، کہتے ہیں کھلاڑیوں نے بہت مایوس کیا،
ایشیا کپ 2025 کے سنسنی خیز فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس ہائی وولٹیج مقابلے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.1 اوورز میں 146 رنز بنائے۔ اوپنرز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے بہترین آغاز فراہم کیا، دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 84 رنز جوڑے۔ فرحان نے 38 گیندوں پر 57 رنز بنائے جس میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے، جبکہ فخر زمان نے 35 گیندوں پر 46 رنز اسکور کیے۔ تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کا مڈل آرڈر لڑکھڑا گیا اور پوری ٹیم یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئی۔ صائم ایوب نے 14 رنز، کپتان سلمان آغا نے 8 رنز، حسین طلعت نے صرف ایک رن بنایا جبکہ محمد حارث اور شاہین شاہ آفریدی کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔بھارت کے باؤلرز نے شاندار کم بیک کیا۔ کلدیپ یادیو سب سے نمایاں رہے جنہوں نے 30 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے ساتھ اکشر پٹیل اور ورون چکراورتی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جسپریت بمراہ نے بھی دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ہدف کے تعاقب میں بھارت کی اننگز کا آغاز مشکلات سے ہوا۔ ابھیشک شرما صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان سوریا کمار یادو ایک رن پر چلتے بنے جبکہ شبمن گل بھی 12 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے۔ سنجو سیمسن نے 24 رنز کی اننگز کھیلی مگر پاکستان کے باؤلرز مسلسل دباؤ بڑھاتے رہے۔ اس موقع پر تلک ورما نے شاندار نصف سنچری بنا کر میچ کا رخ پلٹا اور شیوم دوبے کے ساتھ ذمہ دارانہ شراکت قائم کی۔پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ تاہم بھارتی بیٹرز نے آخری اوورز میں اعتماد سے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز کا ہدف حاصل کر لیا اور ایک بار پھر ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔

مزید پڑھیں :امریکی ریاست مشی گن سے افسوس ناک خبر،جا نئے کتنا جانی نقصان ہوا

متعلقہ خبریں