اہم خبریں

ایشیا کپ،پاکستان کی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی،32 ڈاٹ بالز کھلیں

دبئی ( اے بی این نیوز       )ایشیا کپ کے تاریخی فائنل میں پاکستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی ایک بار پھر شائقین کرکٹ کو مایوس کر گئی۔ دبئی میں کھیلے جانے والے اس بڑے ٹاکرے میں گرین شرٹس صرف 146 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔

ابتدائی طور پر پاکستان نے شاندار آغاز کیا تھا۔ اوپنرصاحبزادہ فرحان نے 38 گیندوں پر 57 رنز کی دلکش اننگ کھیلی اور فخر زمان نے 35 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔ اس وقت قومی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر113 رنز پر کھڑی تھی اور بڑا اسکور یقینی لگ رہا تھا۔ مگر جیسے ہی فخر زمان آؤٹ ہوئے، وکٹوں کی جھڑی لگ گئی اور صرف 33 رنز کے اضافے پر 9 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستانی بلے باز ایک بار پھر ڈاٹ بالز کھیلنے کے جال میں پھنس گئے۔ پوری اننگز میں32 گیندیں ایسی تھیں جن پر کوئی رن نہیں بنا، یعنی پانچ اوورز سے زیادہ وقت ضائع ہوا۔ یہ سست روی بھارتی بولرز کو حاوی ہونے کا موقع دے گئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فرحان اور فخر زمان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بھارتی بولرز کے سامنے چھکا نہ مار سکا۔ پوری اننگز میں صرف 10 چوکے لگے جن میں سے 9 ٹاپ آرڈر نے بنائے، جبکہ 10واں چوکا نمبر 10 پر بیٹنگ کے لیے آنے والےحارث رؤف کے بلے سے نکلا۔

شائقین کرکٹ کا ماننا ہے کہ اس میچ میں پاکستانی ٹیم نے اپنی بیٹنگ میں پلاننگ اور اسٹرائیک روٹیشن پر بالکل توجہ نہیں دی، جس کے باعث اتنے بڑے موقع پر بیٹنگ لائن مکمل طور پر دھوکہ دے گئی۔

مزید پڑھیں :ایشیا کپ، پاکستان کی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار ،آدھی ٹیم پویلین روانہ،اب شاہین آفریدی آئوٹ

متعلقہ خبریں