کراچی( اے بی این نیوز) پاکستان اسٹیل ملز کے جنرل منیجر کو اسٹورز سے لوہا چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بن قاسم پولیس نے پاکستان اسٹیلز سے قیمتی سامان کی چوری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کمپنی کے افسر کو مسروقہ سامان سمیت گرفتار کرلیا ہے۔
بن قاسم پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسٹیل کے جنرل منیجر اسٹورز سید سعادت علی کو خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان سے چالیس کلو گرام تانبا اور چوری میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی گئی ہے۔
بن قاسم پولیس کے مطابق ملزمان مذکورہ گاڑی کے ذریعے خفیہ طور پر قیمتی سامان ملک سے باہر لے جا کر مختلف گوداموں میں فروخت کرتے تھے۔ پولیس نے ملزم کے زیر استعمال گاڑی کو ضابطے کے تحت تحویل میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سعادت علی کی گاڑی سے 40 کلو گرام مسروقہ تانبا برآمد ہوا ہے۔ برآمد ہونے والے تانبے کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ ملزم سٹیل مل کے اے سی ٹی سی ڈیپارٹمنٹ میں بطور منیجر کام کرتا تھا۔ ملزم مختلف گوداموں میں تانبا اور دیگر اسکریپ فروخت کرتا تھا، ملزم سعادت علی چار محکموں کا جی ایم تھا۔
مزید پڑھیں:یو اے ای میں یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں