دبئی ( اے بی این نیوز )پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے بعد آئی سی سی نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یادیو نے کھیل کو سیاست سے جوڑتے ہوئے 14 ستمبر کی فتح کو پہلگام اٹیک کے متاثرین کے نام منسوب کیا، جو کہ ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ شکایت موصول ہونے کے بعد آئی سی سی نے بھارتی کپتان کو طلب کیا اور سماعت کے دوران یادیو اپنے سیاسی بیانات کا کوئی ٹھوس جواز پیش کرنے میں ناکام رہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اس موقع پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے یادیو کے خلاف دلائل کے انبار لگا دیے، جس کے بعد سماعت مکمل کر لی گئی۔
اطلاعات ہیں کہ یادیو کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں کھلاڑی کو بچانے کا کوئی مؤثر راستہ نظر نہیں آ رہا۔ اسی دوران یہ بھی خبر ہے کہ بھارتی بورڈ آئی سی سی پر دباؤ ڈالنے اور نرم سزا دلوانے کے لیے لابنگ کر رہا ہے۔ دوسری طرف معاملہ بیلنس کرنے کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، کیونکہ بھارتی بورڈ پہلے ہی حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کے خلاف شکایت درج کرا چکا ہے۔
مزید پڑھیں :ساف فٹبال انڈر17چیمپئن شپ ،بنگلہ دیش نے بھی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا