اہم خبریں

اوکاڑہ، کلائمٹ اسمارٹ فارمنگ ٹاور کا افتتاح ،منصوبہ سے کسانوں کو فائدہ پہنچے گا، جین میریٹ

اوکاڑہ (اے بی این نیوز) برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اوکاڑہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک جدید کلائمٹ اسمارٹ فارمنگ ٹاور (Eddy Covariance Flux Tower) کا افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ برطانیہ کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد کسانوں کو پانی کی بچت، اخراجات میں کمی اور بہتر پیداوار کے لیے جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنا ہے۔

یہ ٹاور کھیتوں اور فضاء کے درمیان پانی، کاربن، میتھین اور توانائی کے تبادلے کا ریئل ٹائم ڈیٹا اکٹھا کرتا ہے، جس سے محکمہ آبپاشی پنجاب کو پانی کے مؤثر استعمال میں مدد مل رہی ہے۔ ساتھ ہی وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کو گرین ہاؤس گیسز کے زیادہ درست تخمینے تیار کرنے میں سہولت حاصل ہو رہی ہے۔

دورے کے دوران جین میریٹ کو مٹی کی نمی ناپنے والے سینسرز بھی دکھائے گئے جو کسانوں کو یہ بتاتے ہیں کہ کھیت کو کب اور کتنا پانی دینا ہے۔ مقامی کسانوں نے بتایا کہ ان سینسرز کی بدولت وہ نہ صرف بجلی اور پانی بچا رہے ہیں بلکہ ان کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ
“ہمیں صرف بحران کے بعد ردِعمل دینے کے بجائے ابھی سے لچکدار حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔ اوکاڑہ میں ہم جو دیکھ رہے ہیں، وہ برطانیہ اور پاکستان کی مشترکہ سائنسی کاوشوں کا عملی نمونہ ہے۔اس موقع پر انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ (IWMI) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محسن حفیظ نے زور دیا کہ پاکستان کو “ری ایکٹو کرائسز مینجمنٹ” کے بجائے سائنسی بنیادوں پر طویل المدتی پالیسی اپنانی ہوگی۔ ان کے مطابق ٹاور سے ملنے والے ڈیٹا کو سیٹلائٹ معلومات سے ملا کر پانی کے استعمال، کاربن بیلنس اور میتھین اخراج کے زیادہ درست قومی تخمینے لگائے جا رہے ہیں، جو پالیسی سازی میں مددگار ثابت ہوں گے۔

تقریب کے اختتام پر جین میریٹ نے مرد و خواتین کسانوں سے ملاقات کی، جنہوں نے بتایا کہ اس ٹیکنالوجی نے ان کی آمدن اور فصلوں کے معیار کو بہتر بنایا ہے۔ بعد ازاں ہائی کمشنر نے ایک پودا لگا کر پاکستان میں پائیدار اور ماحول دوست زراعت کے عزم کا اظہار کیا۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان شدید سیلابوں کا سامنا کر رہا ہے، جو پالیسی سازوں کے لیے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے میں ڈیٹا پر مبنی منصوبہ بندی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

مزید پڑھیں :ایشیا کپ ، بھارت نےبنگلہ دیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

متعلقہ خبریں