اہم خبریں

اسمگلنگ کے خلاف اقدامات کے باوجود افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں اضافہ، اگست میں 13 فیصد نمو ریکارڈ

اسلام آباد (رضوان عباسی سے ) پاکستان کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کے باوجود افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں اضافہ جاری ہے۔

سرکاری و تجارتی ذرائع کے مطابق اگست 2025 میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیاد پر اگست 2025 میں مجموعی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ 8 فیصد بڑھی جبکہ پاکستان کے راستے افغان برآمدات میں 118 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

جولائی اور اگست 2025 کے دوران مجموعی طور پر افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ (جولائی اور اگست) میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا حجم 20 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ حجم 19 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھا۔

اگست 2025 میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا حجم 10 کروڑ 86 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو جولائی 2025 کے 10 کروڑ 4 لاکھ ڈالر اور اگست 2024 کے 9 کروڑ 45 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ دو مالی سال کے دوران افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ مالی سال 2022-23 میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا حجم 7 ارب 10 کروڑ ڈالر تھا، جو مالی سال 2023-24 میں کم ہو کر 2 ارب 89 کروڑ ڈالر رہ گیا۔ اسی طرح مالی سال 2024-25 میں یہ مزید گھٹ کر ایک ارب 3 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2023-24 میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں 4 ارب 21 کروڑ ڈالر اور مالی سال 2024-25 میں ایک ارب 86 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی جانب سے گزشتہ دو سال میں پاکستان کے راستے ٹرانزٹ ٹریڈ درآمدات میں 6 ارب 7 کروڑ ڈالر کی کمی آئی ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں ہونے والی اسمگلنگ کو روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات کیے، تاہم حالیہ مہینوں میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے حجم میں بتدریج اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ خطے کی تجارت ایک نئے رجحان کی طرف بڑھ رہی ہے۔
مزید پڑھیں: اب ایک ویزے پر6 خلیجی ممالک کا سفر کریں

متعلقہ خبریں