لاہور(اے بی این نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور نشوونما کے لیے ملک گیر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کر دیا ہے۔
پروگرام کا افتتاح چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کیا، جہاں انہوں نے ٹرافی کی نقاب کشائی کی اور حصہ لینے والی اسکول ٹیموں میں کٹ بیگز تقسیم کیے۔
رپورٹس کے مطابق اس ایونٹ میں ملک بھر سے 391 سکولز حصہ لے رہے ہیں جو کہ نئی نسل میں چھپے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا ایک بڑا پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کے لیے بہت اہم ہے۔ امید ہے کہ اس ایونٹ سے ایسے کھلاڑی سامنے آئیں گے جو قومی ٹیم میں شامل ہو کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔
واضح رہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت بہترین کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں کو انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کی علاقائی ٹیموں کے ساتھ ساتھ کرکٹ اکیڈمیوں میں بھی جگہ دی جائے گی۔ اس عمل سے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی کوچنگ اور تربیت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
دوسری جانب کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا یہ قدم پاکستان میں جونیئر کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور گراس روٹ لیول پر کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
مزید پڑھیں:پشاور میں افغانی کرنسی کی مانگ میں اضافہ