ریاض ( اے بی این نیوز )سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللّٰہ آل الشیخ 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر منگل کی صبح عرب میڈیا کے ذریعے سامنے آئی، جس پر اسلامی دنیا میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ آج ریاض کی امام ترکی بن عبداللّٰہ مسجد میں ادا کی جائے گی، جبکہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایت دی ہے کہ ان کی غائبانہ نمازِ جنازہ مکہ مکرمہ، مسجد نبوی ﷺ اور سعودی عرب کی تمام مساجد میں عصر کی نماز کے بعد ادا کی جائے۔
شیخ عبدالعزیز بن عبداللّٰہ آل الشیخ 1999 میں مفتی اعظم کے منصب پر فائز ہوئے اور طویل عرصے تک سعودی عرب کے اعلیٰ ترین مذہبی اسکالر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ سینئر علما کونسل کے صدر بھی رہے اور کئی بار حج کے خطبے دینے کی سعادت حاصل کی۔
مزید پڑھیں :عمران خان،بشریٰ بی بی کی تنہائی میں ملاقات، درخواست کل سماعت کے لیے مقرر