کابل ( اے بی این نیوز ) افغان حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بگرام ایئر بیس واپس لینے کی دھمکی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ افغانستان کی آزادی اور سالمیت ہر چیز سے بڑھ کر اہم ہے۔ ترجمان افغان حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کی خارجہ پالیسی اسلامی اصولوں، توازن اور اقتصادی مفادات کی بنیاد پر استوار ہے، اور افغانستان تمام ممالک کے ساتھ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی مثبت تعلقات کا خواہاں ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ کو دوحہ معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے، جس میں واضح طور پر وعدہ کیا گیا تھا کہ افغانستان کی سیاسی آزادی، علاقائی سالمیت اور اندرونی معاملات میں کسی قسم کی مداخلت یا دھمکی کا سہارا نہیں لیا جائے گا۔ افغان حکومت نے خبردار کیا کہ ماضی کی غلطیوں کو دہرانے کے بجائے واشنگٹن کو حقیقت پسندانہ اور معقول رویہ اختیار کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں یہ مؤقف اپنایا ہے کہ امریکا کو بگرام ایئر بیس کبھی نہیں چھوڑنی چاہیے تھی اور اب وہ اسے دوبارہ حاصل کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر افغانستان نے بگرام بیس واپس نہ دی تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ افغان حکومت کے اس واضح مؤقف کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :بھارتی ٹیم کے کپتان کی ہٹ دھرمی جاری، ہاتھ نہیں ملایا،سوشل میڈیا نے آڑے ہاتھوں لے لیا