سعودی عرب(نیوز ڈیسک)سعودی عرب میں 95ویں قومی دن پر 23 ستمبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب 23 ستمبر کو اپنا 95واں قومی دن بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائے گا۔
اس موقع پر مملکت بھر میں شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔یہ دن 1932 میں بانیِ مملکت شاہ عبدالعزیز کے اُس تاریخی فرمان کی یاد دلاتا ہے جس کے تحت نجد اور حجاز کو متحد کرکے سعودی عرب کے نام سے ایک ریاست قائم کی گئی تھی۔
پہلی بار 1965 میں فرمانروا شاہ فیصل کے دور میں قومی دن منایا گیا تھا اور 2005 میں شاہ عبداللہ کے شاہی فرمان کے بعد اسے مستقل سرکاری تعطیل کا درجہ دیا گیا۔
اس سال قومی دن کو “ہمارا فخر ہماری فطرت میں ہے” کا نام دیا گیا ہے جو سعودی عوام کی ثقافتی روایات اور قدرتی ورثے کو اجاگر کرتا ہے۔
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی (GEA) کے مطابق یہ تھیم سعودیوں کی مہمان نوازی، جرات، وقار، سخاوت اور بلند حوصلے جیسے اوصاف کو نمایاں کرتا ہے۔۔