پشاور ( اے بی این نیوز) ضلع خیبر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ خوارج کے دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق لالہ چینہ کے علاقے میں دہشت گرد بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے کہ ٹیم کے پہنچتے ہی انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں آدھے گھنٹے تک شدید مقابلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت محمد نعیم، محمد کریم اور نور نبی کے ناموں سے ہوئی ہے، جو حالیہ کرک اور چمکنی دھماکوں کے اصل منصوبہ ساز تھے۔ جائے وقوعہ سے خودکار بندوقیں، بھاری مقدار میں کارتوس اور گولہ بند پٹیاں برآمد کر لی گئیں۔
ترجمان کے مطابق کچھ دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام نے کہا کہ یہ کارروائی خطے میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو کمزور بنانے کے لیے ایک اہم کامیابی ہے اور مزید آپریشنز بھی جاری رہیں گے۔
مزید پڑھیں :پاکستانی شہریوں کا حساس ذاتی ڈیٹا ڈارک ویب پر فروخت ہو نے کا انکشاف،جا نئے کہیں آپ کا نام تو شامل نہیں